58

ملتان سلطانز کا لاٹھی چارج، کوئٹہ کو 246 رنز کا ہدف

Spread the love

لاہور(بدلو نیوز ) محمد رضوان کی قائدانہ اور ریلی روسو کی جارحانہ اننگز نے کوئٹہ کو نڈھال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل سیزن سیون کے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کی تاریخ کادوسرابڑا ٹوٹل بناڈالا، سلطانز نے کوئٹہ کو جیت کے لئے 246 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔ آج کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو نہایت سود مند ثابت ہوا، اوپنر بیٹرز شان مسعود اور محمد رضوان نے برق رفتاری سے اننگز کا آغاز کیا ، دونوں بیٹرز نے اپنی ٹیم کو سینچری پارٹنر شپ فراہم کی۔

شان مسعود 57 رنز کی دلکش اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے، ٹیم کے رن ریٹ کو دیکھتے ہوئے ملتان سلطانز نے ان فارم بیٹر ریلی روسو کو میدان میں اتارا، ریلی روسو نے کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی درگت بناڈالی۔
دونوں بیٹرز نے گراؤنڈ کے اطراف شاندار اسٹروک کھیلے، ریلی روسو نے 26 گیندوں پر 71 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کی دلکش اننگز میں 9 چوکے اور 4 بلند وبالا چھکے شامل تھے۔اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو بھی پہلے بولنگ ہی کرتے، اس ٹورنامنٹ میں ابھی ہمارے دو میچز ہیں، لڑکوں کو کہہ دیا ہے کہ دونوں میچز میں فتح ضروری ہے۔ آج کا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے نہایت اہم ہے، اگر کوئٹہ کی ٹیم یہ میچ جیت جاتی ہے تو اس کے فائنل فور میں کوالیفائی کرنے کی امید روشن رہے گی تاہم شکست کی صورت میں ٹیم کے پلے آف مرحلے میں رسائی نہایت مشکل ہوجائے گی۔ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی، پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو ملتان سلطانز پہلے، لاہور قلندرز دوسرے، پشاور زلمی تیسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچویں جبکہ کراچی کنگز چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں